سری نگر: بھاجپا نے جموں وکشمیر کو اپنی ووٹ بینک سیاست کیلئے ایک آزمائش گاہ بنا رکھا ہے جبکہ حقیقی معنوں میں انہیں جموں وکشمیر کے عوام کی فلاح وبہبود کیساتھ کوئی لینا دینا نہیں جس کا برملا ثبوت مرکزی کابینہ میں منظور کئے گئے بجٹ سے بخوبی ملتا ہے ۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے م مرکزی بجٹ کو جموں وکشمیر کیلئے مایوس کُن قرار دیتے ہوئے کہا کہ 5اگست 2019کے مرکز کے غیر سنجیدہ اور غیر دانشمندانہ فیصلوں اور مسلسل کورونا لاک ڈائون سے جہاں یہاں کا ہر ایک شعبہ زوال پذیر ہے وہیں اُمید کی جارہی تھی کہ سالانہ بجٹ میں جموں وکشمیر کے کلیدی شعبوں کو فروغ دینے کیلئے کسی پیکیج کا اعلان کیا جائیگا اور ساتھ ہی بے روزگاری کے پر قابو پانے اور تعمیر و ترقی کیلئے بجٹ میں کچھ خاص ہوگا لیکن بجٹ میں ایسا کچھ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال بھی مرکزی بجٹ میں جموں وکشمیرکیلئے کچھ بھی نہیں رکھا گیا تھا۔ گذشتہ سال مرکز نے بجٹ میں جس گیس پائپ لائن کا ڈھنڈورا پیٹا تھا اُسکا اعلان 2011ہی میں کیا گیاتھا۔