بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں 12 دن کی کامیابی کے بعد مہاراشٹرا میں داخل

   


آخری دن کارکنوں میں جوش و خروش ، جگہ جگہ راہول گاندھی کا والہانہ استقبال، سینئر قائدین سے مشاورت
حیدرآباد ۔7 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں 12 دن 8 اضلاع کے 390 کیلو میٹرس کا احاطہ کرنے کے بعد آج رات مہاراشٹرا میں داخل ہوگئی۔ تلنگانہ میں یاترا کے آج آخری دن عوام کی جانب سے غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا ۔ صبح 6 بجے فتلا پور بس اسٹانڈ سے یاترا شروع ہوئی اور شیکھا پور میں صبح 10.00 بجے توقف کیا گیا ۔ راہول گاندھی کے ہمراہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، رکن اسمبلی سریدھر بابو، سابق مرکزی وزیر بلرام نائک ، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ یاترا کے راستہ میں جگہ جگہ راہول گاندھی نے کمسن طلبہ اور خواتین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ سیلفی لی۔ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پیش کرنے کیلئے نوجوانوں کی کثیر تعداد نے پلے کارڈس کے ساتھ راہول گاندھی کا استقبال کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر بیروزگاری کے مسئلہ پر توجہ دینے کا تیقن دیا۔ یاترا کے دوران سابق وزیر محمد علی شبیر اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کے خاندان سے تعلق رکھنے والے کمسن بچوں نے راہول گاندھی سے ملاقات کی اور ساتھ میں تصویر کھچوائی۔ شام میں یاترا جکل کے مینور گاؤں میں اختتام پذیر ہوئی جہاں جلسہ عام منعقد کیا گیا ۔ جلسہ عام کے بعد راہول گاندھی رات تقریباً 10.00 بجے مہاراشٹرا کی سرحد پہنچے جہاں مہاراشٹرا کے کانگریس قائدین نے راہول گاندھی کا استقبال کیا۔ راہول گاندھی ناندیڑ میں شب بسری کریں گے اور دوسرے دن مہاراشٹرا میں 13 دن کی یاترا کا آغاز ہوگا۔ مہاراشٹرا کی سرحد پر ریونت ریڈی نے قومی پرچم مہاراشٹرا کے کانگریس قائدین کے حوالے کیا۔ یاترا کے آخری دن کانگریس کارکنوں نے غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ ایک مقام پر توقف کے دوران راہول گاندھی نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے ریاست کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی ، بھٹی وکرمارکا ، جگا ریڈی ، سیتکا ، دامودر راج نرسمہا ، ومشی چند ریڈی ، وسنت کمار اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اے آئی سی سی قائد جئے رام رمیش نے کہا کہ تلنگانہ میں بھارت جوڑو یاترا غیر معمولی کامیاب رہی اور کل سے مہاراشٹرا میں یاترا کا آغاز ہوگا۔ راہول گاندھی نے سماج کے مختلف طبقات کے نمائندوں کے ساتھ موجودہ صورتحال پر بات چیت کی۔ انہوں نے 7 ستمبر کو کنیا کمار سے اپنی یاترا کا آغاز کیا اور 12 ریاستوں سے گزر کر کشمیر پہنچیں گے ۔ یاترا نے تاحال ٹاملناڈو ، کیرالا ، کرناٹک، آندھراپردیش اور تلنگانہ کا احاطہ کرلیا ہے۔ تلنگانہ میں 19 اسمبلی اور 7 پارلیمانی حلقوں میں 375 کیلو میٹرکا احاطہ کیا گیا۔ر