بھارت جوڑو یاترا: نارائن پیٹ کی عوام میں جوش و خروش

   

پولیس عہدیداروں کے ساتھ ضلع ایس پی نے انتظامات کا جائزہ لیا
نارائن پیٹ /19 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسٹر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ریاست تلنگانہ میں 23 اکٹوبر کو داخل ہو رہی ہے ۔ نارائن پیٹ ضلع کے کرشنا منڈل میں کرناٹک سے داخل ہوگی ۔ ضلع میں واقع کرشنا برج جہاں سے یہ یاترا تلنگانہ میں داخل ہوگی ۔ دونوں ریاستوں کو جوڑتی ہے ۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر این وینکٹیشورلو نے پولیس عہدیداروں اور ضلع صدر کانگریس مسٹر سری ہری کے ہمراہ پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ یہ پد یاترا ضلع میں ماگنور ، مکتھل اور مریکل سے ہوتے ہوئے محبوب نگر ضلع کے دیورکدرہ منڈل میں داخل ہوگی ۔ پد یاترا کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر سری ہری نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے متعلق تفصیلات حاصل ہونے کے بعد ہی انتظامات کو قطعیت دی جائے گی ۔ ضلع ایس پی مسٹر وینکٹیشورلو کے ساتھ ڈی ایس پی مسٹر کے ستیہ نارائنا ، سی آئی مکتھل مسٹر ایس ستیاکانسٹیبل مسٹر رام لال ، وجئے بھاسکر اور دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے ۔ راجیو گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو لیکر نارائن پیٹ ضلع کے عوام میں جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔