بھارت سے 139054 عازمین حج کا انتخاب

   

دہلی سے 2024 ء میں 3022 عازمین کو حج کی سعادت حاصل ہوگی
نئی دہلی: حج 2024 کیلئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے توسط سے سفر حج پر جانے والے 3022 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق حج 3022 عازمین کا انتخاب ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن کے ذریعے کیا گیا۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج 2024 کے مقدس سفر کیلئے منتخب ہونے والے تمام خوش نصیب عازمین حج کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی 2024 کے عازمین حج کیلئے دہلی سے حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہونے والے تقریبا 22000عازمین حج کو گزشتہ برسوں کی طرح تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس کیلئے انھوں نے دہلی حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے مختلف متعلقہ محکموں سے رابطہ قائم کر رکھا ہے ۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ اس سال دہلی ریاست سے حج کیلئے درخواست گزاروں کی کل تعداد 4084 تھی جن میں سے 2011 کی مردم شماری کے مطابق، دہلی کی کل مسلم آبادی 2158684 کے تناسب میں کل 3022 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے ، جن میں 2892 عام زمرے کے ، 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 80 عازمین اور محرم کے بغیر حج پر جانے والی خواتین کی تعداد 50 ہے ۔
جبکہ 1062 درخواست دہندگان کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے ۔خیال رہے کہ ہندوستان بھر میں کل 20 حج ایمبارکیشن پوائنٹ ہیں جہاں سے عازمین حج کیلئے روانہ ہوتے ہیں۔ جس میں دہلی سب سے بڑا ایمبارکیشن پوائنٹ ہے جہاں سے اس بارسب سے زیادہ تقریبا 22000 عازمین حج مقدس حج بیت اللہ کیلئے پرواز کریں گے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ان تمام عازمین حج کیلئے تمام قسم کی مقامی سہولیات فراہم کرے گی۔