بھارت پٹرولیم ڈپو میں ٹینکر میں آتشزدگی، ایک اور زخمی کی موت

   

بھوپال: بھوپال کے کھجوری تھانہ علاقے کے تحت واقع بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) کے ڈپو میں ٹینکر میں پٹرول بھرنے کے دوران آگ لگنے کے واقعے میں دیر رات ایک اور زخمی کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد دو ہوگئی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج شانو نے کل دیر رات آخری سانس لی۔ اس سے پہلے سلمان نامی شخص کی موت ہوئی تھی۔ اس حادثے میں اب تک کل دو لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو ڈپو میں ٹینکر میں پٹرول بھرنے کے دوران آگ لگ گئی تھی۔ جس کی وجہ سے وہاں موجود سات افراد جھلس گئے ۔ ان میں ملازمین، ٹینکر ڈرائیور اور آپریٹرز شامل تھے ۔ تمام زخمیوں کو یہاں کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان میں شانو اور سلمان کی ہی حالت نازک تھی۔ فلنگ پوائنٹ پر ٹینکر میں ایندھن بھرنے کے دوران اچانک دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی۔ گاندھی نگر اور بیرا گڑھ سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیاتھا۔