عیدالاضحی کے موقع پر واقعہ ۔ بڑے جانوروں کی ضبطی
حیدرآباد۔ عیدالاضحی کے موقع پر ہندو واہنی کے کارکنوں نے بھونگیر ٹاون میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا اور ان پر حملہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق کل دوپہر کو بعض شرپسند عناصر نے بھونگیر پولیس سے ایک شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ جلیل پورہ مسجد کے قریب بڑے جانور اور بچھڑے کی قربانی دینے کیلئے اقلیتی طبقہ کے افراد جمع ہیں۔ ایک شکایت موصول ہونے پر بھونگیر پولیس کی ٹیم وہاں پہنچ گئی اور بڑے جانور کو اپنی تحویل میں لے لیکن ہندو واہنی سے وابستہ شرپسند عناصر نے مسلمانوں پر سنگباری کردی اور لاٹھیوں سے حملہ کیا جس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔ پولیس نے ضبط شدہ بڑے جانوروں کو پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن افراتفری کے ماحول میں جانور وہاں سے فرار ہوگئے۔ حالات کشیدہ ہونے پر پولیس نے تین مختلف مقدمات درج کئے ہیں جس میں دو مسلمانوں کے خلاف اور ایک شرپسند عناصر کے خلاف ایف آئی آر جاری کی گئی ہے۔ پولیس اس سلسلہ میں تحقیقات کررہی ہے۔