بھوپال میں کسانوں کی تائیدمیں کانگریس کا راج بھون تک مارچ

,

   

احتجاجی کارکنوں پر پولیس کا لاٹھی چارج‘ ٹھنڈے پانی کی بوچھار کا استعمال

بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ کی قیادت میں کانگریس کے قائدین اور کارکنوں نے آج راج بھون تک کسانوں کے حق میں مارچ نکالا۔ صبح 11 بجے کے قریب تمام لیڈران اور کارکنان شہر کے جواہر چوک پر جمع ہوئے، اس کے بعد ان کا قافلہ آگے بڑھا، لیکن راستہ میں ہی پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اسی دوران پولیس نے پہلے آنسو گیس کے گولے داغے اور پھر لاٹھی چارج کیا، مظاہرین پر ٹھنڈے پانی کی بوچھاریں بھی ماریں۔ کانگریس کارکنان اور لیڈران پر پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد کانگریس نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شیوراج سنگھ چوہان کی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ایم پی کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا، ’’کانگریس کار کنوں پر لاٹھی چارج، شیوراج کی تاناشاہی نے برطانوی راج کی یاد تازہ کر دی۔ بھوپال میں پْرامن مظاہرہ کر رہے کارکنان پر پولیس کا لاٹھی چارج، آنسو گیس کے گولے برسانا اور واٹر کینن کا استعمال کرنا غلامی کے دور میں انگریزوں کی طرف سے کیے گئے ظلم و ستم کی یاد دلاتا ہے۔ شیوراج جی! آپ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔‘‘ایک اور ٹوئٹ میں لکھا گیا، ’’شیوراج کا عفریت (شیطانی) راج۔ انسانوں سے حیوانوں جیسا سلوک، شیوراج کی لاٹھی، آنسو گیس اور واٹر کینن نے آج بھوپال کی پرامن سڑکوں پر کسانوں کے حقوق کی حفاظت کے لئے تحریک چلا رہے کانگریس کارکنان کا خون بہایا ہے۔ شیوراج جی! عوام کا آنسو بھی خطرہ ہے، آپ نے تو خون بہایا ہے۔‘‘ایک اور ٹوئٹ میں لکھا گیا، ’’شیوراج کی تاناشاہی۔ کانگریس کارکنان کا خون بہایا۔ شیوراج جی، کسانوں کی حمایت میں پر امن مظاہرہ کر رہے کانگریس کارکنان کی ہر بوند ملک کی جمہوریت اور آئین کی حفاظت کرے گی، کانگریس ہے تو جمہوریت ہے۔‘‘یہا ں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ پنجاب اور ہریانہ کے کسان مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف تقریباً دو ماہ سے احتجاج کررہے ہیں اور ان کے احتجاج کو نہ صرف اپوزیشن جماعتوں بلکہ ملک کی کئی ریاستوں کے کسانوں کی حمایت حاصل ہورہی ہے۔کسانوں کا حکومت سے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ ہے اور وہ اپنی ضد پر اڑے ہوئے ہیں ۔ دوسری طرف مرکزی حکومت متنازعہ زرعی قوانین میں ترمیم کرنے کیلئے تیار ہے لیکن کسان قوانین میںترمیم نہیں بلکہ اس کو واپس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ مختلف ریاستوں میں اپوزیشن جماعتیں کسانوں کی حمایت میں ریالیاں اور احتجاجی مظاہرے منعقد کررہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں آج مدھیہ پردیش کانگریس کی جانب سے راج بھون تک مارچ نکالا گیا ۔ پولیس نے مارچ کو روکنے کی کوشش کی اور اس دوران احتجاجیوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیاس کے شل برسائے اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا ۔