بھوک سے پریشان افراد کو جی ایچ ایم سی سے مفت غذاکی فراہمی

,

   

کال سنٹر نمبر 040-21111111 پر فون کرکے کھانا طلب کیا جاسکتا ہے
حیدرآباد 25 اپریل ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری مسٹر سومیش کمار نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی جی ایچ ایم سی ( گریٹر حیدرآباد ) کے حدود میں ہے اور وہ بھوکا ہے اسے غذا کی ضرورت ہے تو اسے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ فوری طور پر جی ایچ ایم سی کے کال سنٹر کے نمبر پر کال کرسکتا ہے اور کسی پس و پیش کے بغیر غذا کی فراہمی کیلئے کہہ سکتا ہے ۔ اس کیلئے 040-21111111 پر کال کرنا ہوگا ۔ چیف سکریٹری کی جانب سے اس اعلان کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے جی ایچ ایم سی کے کال سنٹر نمبر 040-21111111 کو ہیاش ٹیاگ کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا ہے جس سے عوام میں اس تعلق سے معلومات پیدا ہوسکیں۔ سومیش کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں کوئی شخص بھوکا رہنے نہ پائے اس کیلئے حکومت کی جانب سے انتظامات کئے گئے ہیں۔ کئی سیاستدانوں اوراداکاروں نے بھی بعد میں اس نمبر کو ری ٹوئیٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا بہت بہترین پروگرام ہے ۔ سومیش کمار نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے دو لاکھ افراد کو ہر روز نو کارپوریشنوں کے حدود میں انا پورنا کارپوریشن کینٹین کے ذریعہ دو وقت کی مفت غذا فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ مزید 50 انا پورنا کینٹین قائم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان مراکز کے اوقات بھی تبدیل کردئے گئے ہیں اور صبح 10.30 بجے سے شام 5 بجے تک یہاں غذا فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ بھی اگر کوئی ان کینٹینس تک رسائی حاصل نہیں کرپاتا ہے تو پھر وہ جی ایچ ایم سی کے کال سنٹر پر فون کرسکتا ہے اور جی ایچ ایم سی ایپ کے ذریعہ بھی غذا طلب کی جاسکتی ہے ۔