جھارکھنڈ کے راجیہ سبھا چناؤ پر بات چیت، تلنگانہ کی سیاسی صورتحال سے واقف کرایا
حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی۔ ہائی کمان کی ہدایت پر بھٹی وکرمارکا نے حال ہی میں جھارکھنڈ کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ بھٹی وکرمارکا نے پارٹی صدر کو جھارکھنڈ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرایا ۔ جھارکھنڈ میں راجیہ سبھا نشستوں کے انتخابات کے پیش نظر بھٹی وکرمارکا نے چیف منسٹر ہیمنت سورین سے بات چیت کی اور امکانی امیدواروں کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے ہیمنت سورین سے بات چیت کی تفصیلات سے ملکارجن کھرگے کو واقف کرایا ۔ انڈیا الائنس کی جانب سے راجیہ سبھا چناؤ میں مشترکہ طور پر امیدوار کو میدان میں اتارنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ برسر اقتدار پارٹی اور کانگریس کے درمیان اختلافات کی یکسوئی کیلئے ہائی کمان نے بھٹی وکرمارکا کو جھارکھنڈ روانہ کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرایا۔ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر حکومت کی جانب سے نئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ کے دوسرے مرحلہ کے علاوہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کی پیشرفت سے ملکارجن کھرگے کو واقف کرایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس نے بھٹی وکرمارکا کو مشورہ دیا کہ فہرست کے رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کے بارے میں چوکس رہیں اور حقیقی رائے دہندوں کے ناموں کو حذف ہونے سے بچائیں۔1/k/m/b