بھڑوچ،18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں ضلع بھڑوچ کے انکلیشور دیہی علاقے میں بدھ کے روز نامعلوم افراد نے ایک بند کمپنی کے چھ نجی گارڈ پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایل ایس جھالا نے یواین آئی کو بتایا کہ اُٹِیادر گاؤں میں پی جی گلاس کمپنی میں تعینات چھ گارڈپر 25 سے 30 نامعلوم افراد نے آج علیٰ الصباح اچانک لاٹھی، ڈنڈے اور لوہے کے راڈ سے حملہ کر دیا۔ اس دوران ان میں سے تین سکیورٹی گارڈ کی موت ہوگئی اور دیگر تین شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے ۔ بادی النظر میں لگتا ہے کہ نامعلوم افراد لوٹ کے ارادے سے کمپنی آئے ہوں گے ۔ یہ کمپنی تقریباً چار سال سے بند ہے ۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لٹیروں کو پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے ۔