بھگدڑ کیخلاف یوتھ کانگریس کا احتجاج، وزیر ریلوے سے استعفیٰ کا مطالبہ

   

نئی دہلی: نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ میں کئی لوگوں کی موت پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے یوتھ کانگریس نے منگل کو یہاں احتجاج کرتے ہوئے اس واقعہ کے لئے ریلوے وزیر اشونی ویشنو کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ یوتھ کانگریس کے ترجمان ورون پانڈے نے یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے والے نوجوانوں نے زبردستی ریلوے منسٹری کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، لیکن پولیس کی بھاری تعیناتی کی وجہ سے انہیں آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ مظاہرین نے وزیر ریلوے کا پتلا نذر آتش کیا اور ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’موت کی تعداد نہ چھپاؤ‘، ’بھگدڑ نہیں، قتل عام‘ جیسے نعرے لکھے ہے ۔ پانڈے کے مطابق اس دوران یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چب نے احتجاجی نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھگدڑ یا حادثہ نہیں ہے بلکہ قتل عام ہے۔