بھینسہ میں بحالی امن کی طرف پیشرفت، مارکٹ کھلنے سے عوام کو راحت

   

انٹرنیٹ سرویس ہنوز معطل، پولیس کی چوکسی برقرار، مختلف علاقوں میں ریاپڈ ایکشن فورس کی گشت

بھینسہ :16؍ جنور ی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر میں حالات پرُ امن ماحول کی جانب رواں دواں ہے ۔ تشدد کے چوتھے دن صبح کے اوقات میں تمام کاروبار ، تجارتی دکانیں بحال دیکھی گئی اور عوام حسب معمول ضروری اشیاء کی خرید و فروخت میں مصروف دیکھی گئی ۔ صبح کے اوقات میں پولیس کی جانب سے اعلیٰ عہدیداران کی نگرانی میں ریاپڈایکشن فورس اور دیگر پولیس دستوں کا شہر کے مختلف علاقوں میں گشت دیکھا گیا ۔ پولیس شہر میں امن و امان کی برقراری کیلئے کافی متحرک ہوکر شہر کے اہم حساس چوراہوں ، مذہبی مقامات اور دیگر علاقوں میں پولیس دستوں کو تعینات کرتے ہوئے حالات کو مکمل قابو کرنے اور عوام میں اعتماد بحال کرنے کیلئے پولیس طلایہ گردی میں شدت پیدا کئے ہوئے ہے ۔دوپہر کے اوقات میں شہر کے مارکٹ علاقہ و دیگر علاقہ سنسان ہونے کی وجہ سے تمام دکانیں بند کردی گئی جبکہ شہر کے بس اسٹانڈ علاقہ میں دکانیں بحال تھی جس کے پیش نظر شام تقریباً4:30 بجے ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مارکٹ علاقہ میں دکانیں بند ہونے پر پولیس عہدیداران اور اسپیشل برانچ عہدیداران کو متحرک کرتے ہوئے مارکٹ علاقہ میں موجود دکانوں کے بورڈس اور ہورڈنگ پر لکھے ہوئے فون نمبرات سے دکان مالکین سے ربط پیدا کرتے ہوئے دکانیں بحال کرنے کی اپیل کی گئی جس پر مارکٹ علاقہ میں دکانیں بحال ہوگئی اور عوام کی چہل پہل مارکٹ علاقہ میں شروع ہوگئی جس کی وجہ سے عام عوام میں راحت اور اطمینان کی سانس لی ۔ پولیس کے کئی اعلیٰ عہدیداران تاحال بھینسہ میں کیمپ کئے ہوئے شہر کے حالات پر راست کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور شہر میں شام کے اوقات میں بھی پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کی نگرانی میں ریاپڈایکشن فورس و دیگر پولیس دستوں کو مختلف علاقوں میں گشت کروایا گیا ۔ بھینسہ میں تشدد کے چوتھے دن بھی پولیس کی جانب سے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ گرفتاریوں کے خوف و دہشت سے شہر کے کئی افراد بشمول خواتین شہر سے دوسرے مقامات منتقل ہوتے ہوئے دیکھے گئے ۔ ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو نے شہر کی عوام سے امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کا تعاون کرنے اور کسی بھی طرح کی افواہوں پر ہرگز دھیان نہ دینے کی اپیل کی اور پولیس عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے گی ۔ تاحال بھینسہ میں حالات پرُ امن ہیں اور انٹرنیٹ سرویس آج بھی معطل رہی ۔ تشدد کے دوران شہر کے نعل صاحب علاقہ کے متوطن محی الدین المعروف شفیع الدین قریشی خادم مسجد پنجہ شاہ و عارضی موذن شدید زخمی ہونے پر نظام آباددواخانہ میں زیر علاج تھے جو بھینسہ واپس آچکے ہیں جن کی حالت کافی بہتر بتائی گئی ہے ۔ بھینسہ میں اتوار کی شب فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑنے کی وجہ سے پیر 13؍ جنوری سے انٹرنیٹ سرویس معطل ہے جس کی وجہ سے راشن دکانات کے ای پاس مشین بند ہوچکے ہیں جس سے راشن صارفین اپنے راشن کارڈ کے ذریعہ حاصل ہونے والے اجناس و اشیاء سے محروم ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے راشن صارفین بالخصوص غریب ومتوسط طبقہ کافی پریشان حال اور کسمپرسی کا شکار ہے ۔ کیونکہ راشن دکانات سے 15؍ جنوری تک راشن حاصل کرنے کی آخری تاریخ مقرر تھی ۔ راشن کارڈ صارفین نے حکومت تلنگانہ سے اپیل کی ہے کہ راشن دکانات سے اجناس و اشیاء کی خریدی کی تاریخ میں اضافہ کریں اور راشن صارفین کو سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔