بھینسہ میں حالات بہتر ‘ لیکن خوف زدہ عوام شہر سے منتقلی پر مجبور

   

کئی مکانات مقفل ‘ کلکٹر ایم پرشانتی اور ریاستی الیکشن آبزرور ایس آہوجا کا دورہ اور حالات کا جائزہ

بھینسہ 19 ؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں ایک ہفتہ قبل پیش آئے فرقہ وارانہ تشدد اور گرفتاریوں کے ماحول سے خوف و ہراس سے معصوم عوام شہر سے دوسرے مقامات منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے جس کی وجہ سے شہر کی کئی مکانات مقفل دیکھے جا رہے ہیں جبکہ بھینسہ میں حالات پرامن ہوچکے ہیں ۔ ان حالات اور بلدی انتخابات کی رائے دہی کا وقت قریب آنے کی وجہ سے ضلع نرمل کلکٹر ایم پرشانتی اور ریاستی الیکشن مبصر شروتی آہوجا نے علحدہ علحدہ طور پر صبح کے اوقات میں بھینسہ کے مختلف محلوں اور مقفل مکانات کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ان علاقوں میں موجود عوام سے بات چیت کرتے ہوئے مقفل مکانوں کے افراد کی حمل و نقل سے متعلق جانکاری اور بلدی انتخابات کی رائے دہی سے متعلق و دیگر حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ مذکورہ عہدیداران کے ہمراہ ضلع جوائنٹ کلکٹر بھاسکر راو آر ڈی او ای راجو تحصیلدار نرسیا بلدیہ کمشنر محمد عبدالقیوم ‘ ڈی ایس پی نرسنگ راو ‘ ٹاون سرکل انسپکٹر وینوگوپال راؤ اور دیگر عہدیداران موجود تھے ۔ بعدازاں ریاستی الیکشن مبصر شروتی آہوجا نے آئی بی گیسٹ ہاوز میں شہر کے تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین کے ہمراہ اجلاس منعقدکیا اور انتخابات و رائے دہی سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔ قبل ازیں ریاستی الیکشن مبصر شروتی آہوجا نے عوام سے ملاقات کے دوران سرکاری عہدیداران کی جانب سے بلدی انتخابات کے خدمات اور الیکشن رائے دہی سے متعلق بھی تفصیلات حاصل کی ۔ بھینسہ میں بلدی انتخابات کے لئے سرکاری مشنری کافی متحرک دیکھی جا رہی ہے اور 22 ؍ جنوری کو رائے دہی کے پرامن انعقاد کے لئے مختلف سروے اور سرکاری عہدیداران کی جانب سے دورے کئے جا رہے ہیں جبکہ بھینسہ میں حالات پرامن بنے ہوئے ہیں لیکن پولیس کی جانب سے شہر میں سخت چوکسی اختیار کے لئے وسیع بندوبست اور ریاپڈ ایکشن فورس کا بڑے پیمانے پر فلیگ مارچ کیا جا رہا ہے ۔ بھینسہ میں تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین کی جانب سے بلدی انتخابات مہم اور تشہیر بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔