بہادرپورہ قتل کیس کے پانچ ملزمین گرفتار، ڈی سی پی کی پریس کانفرنس

   

حیدرآباد /18 اپریل ( سیاست نیوز ) بہادرپورہ پولیس نے خلیل قتل کیس میں ملوث 5 افراد اور ایک کم عمر کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون پولیس مسٹر سائی چیتنیہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ معمولی بات پر ہوئے جھگڑے کے بعد خلیل کا قتل کردیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 22 سالہ شیخ شہبازا عرف اجو 23 سالہ شیخ شاہنواز 30 سالہ شعیب خان ساکنان اسد بابا نگر 20 سالہ محمد فاروق محمود نگر 29 سالہ سید اکبر ساکن اسد بابا نگر کے علاوہ ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق قاتل اور مقتول آپس میں ساتھی تھے اور ایک ہی مقام کے رہنے والے تھے ۔ مقتول خلیل نے کم عمر لڑکے کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا تھا جو شیخ شہباز عرف اجو سے قربت رکھتا تھا۔ اس بات پر اجو اور خلیل کے درمیان جھگڑا ہوا اور انہوں نے خلیل سے بدلہ لینے کا منصوبہ بنایا اور سازش کے تحت دوبارہ جھگڑا کیا ۔ مقامی عوام نے مداخلت کرتے ہوئے جھگڑا ختم کروایا اور پولیس کو اطلاع دی ۔ اس دوران خلیل پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا گیا ۔ع