پٹنہ۔ 23 مئی (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ہفتہ کو کہا کہ بہار کو ملک کا سرکردہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ہب بنانے کیلئے ریاستی حکومت جلد ہی اے آئی پالیسی لائے گی۔ وزیر اعلیٰ چودھری نے آج انرجی اسٹیڈیم میں بہار اے آئی سمٹ2026 کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس آنے والے وقت میں زندگی کا اہم حصہ بننے جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں مواصلاتی انقلاب آیا ہے اور اے آئی اس تبدیلی کی اہم بنیاد بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندستان کے تقریباً 120 کروڑ لوگ موبائل فون استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار میں بجلی، سڑک اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کو منظم کیا اوراگر ہندستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بننا ہے تو بہار کا خوشحال ہونا بے حد ضروری ہے ۔ وزیر اعلیٰ چودھری نے کہا کہ بہار کی شاندار تاریخ کو بحال کرنے کی سمت میں حکومت تیزی سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسی مالی سال میں وکرم شِلا یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام محکموں کو اے آئی پر مبنی ٹیکنالوجی اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے ، تاکہ منصوبوں کے نفاذ میں شفافیت اور جوابدہی یقینی بنائی جا سکے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنچایت سطح پر چل رہے سہیوگ کیمپوں میں ٹیکنالوجی کا بڑا کردار ہوگا۔ اگر کسی درخواست پر 30 دن کے اندر کارروائی نہیں ہوئی تو 31ویں دن متعلقہ افسر کے خلاف وزیر اعلیٰ دفتر کارروائی کرے گا۔ سہیوگ پورٹل میں ایک خصوصی سیکشن بھی بنایا جائے گا، جہاں لوگ بہار کی ترقی کے لیے اپنی تجاویز دے سکیں گے ۔