بہار حکومت کچھ بھی کر لے میں نوجوانوں کیساتھ کھڑا ہوں

   

راہول گاندھی کا بیان ‘بہار طلبہ تحریک کے زخمیوں سے کانگریس قائد کی ملاقات

نئی دہلی ۔3؍ستمبر ( ایجنسیز )کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج بہار طلبہ تحریک کے دوران زخمی ہوئے نوجوانوں سے ملاقات کی۔ اس دوران راہول گاندھی نے نوجوانوں کے ساتھ کھڑے رہنے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنے کا یقین بھی دلایا۔ راہول گاندھی نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر طلبہ سے ملاقات کی چند تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ وہ اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ بہار کے ان طلبہ اور نوجوانوں سے ملاقات کی جنہوں نے صرف امتحانی نظام میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے پر پولیس کی شدید بربریت کا سامنا کیا۔راہول گاندھی نے مزید لکھاکہ ’’پولیس کی لاٹھیوں، اے کے-47 اور پستول سے چلائی گئی گولیوں نے کئی طلبہ کو زخمی کر دیا۔ فوج میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنے کی خواہش رکھنے والے ایک نوجوان کا پیر اے کے-47 سے گولی مار کر توڑ دیا گیا، ساتھ ہی ان کی زندگی کا خواب بھی۔ راہول گاندھی یہ بھی لکھا کہ یہ نوجوان صرف غیرجانبدارانہ مواقع، شفاف امتحانی نظام اور اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایسے مطالبے پر لاٹھیاں اور گولیاں چلانے کی کیا ضرورت تھی؟ اتنی بڑی بربریت کی ذمہ داری صرف چند چھوٹے افسران پر ڈال کر حکومت بچ نہیں سکتی۔ یہ کارروائی یا تو اوپر کے حکم کا نتیجہ ہے یا پھر اقتدار کی بدترین ناکامی۔ راہول گاندھی پوسٹ کے آخر میں لکھتے ہیں کہ ’’بہار حکومت کچھ بھی کر لے، میں ان نوجوانوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہوں۔ بی جے پی یاد رکھے، نوجوانوں کی آواز دبانے والی ہر حکومت کو ایک دن عوام کے سامنے جواب دینا پڑتا ہے۔ وہ دن اب دور نہیں ہے۔