بہار: مہاگٹھ بندھن ریلی میں لالو کا اعلان بہار رُوکے گا مودی-آر ایس ایس کا رتھ : لالو

   

پٹنہ: آر جے ڈی صدر لالو پرساد بھلے ہی پورنیہ میں گرینڈ الائنس کی ریلی کے اسٹیج پر موجود نہ ہوں، لیکن طویل عرصے کے بعد ورچوئل میڈیم کے ذریعے انہیں سننے والے بھی پرجوش تھے۔ اس جوش کو دیکھتے ہوئے آر جے ڈی صدر نے کہاکہ وہ خوش ہیں کہ پورنیہ میں لاکھوں لوگ جمع ہوئے۔ آج ملک ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔لیکن بی جے پی کو کوئی شرم نہیں آتی ہے۔ لالوپرساد یادو نے اپنے انداز میں کہا کہ تب بھی بہار میں آر ایس ایس-بی جے پی کا رتھ روکا گیا تھا، اس بار بھی یہ کام بہار کے عوام ہی کریں گے ۔ لالو نے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ اتحاد ثابت کرے گا کہ ہم آئندہ لوک سبھا انتخابات اسی اتحاد کے ساتھ لڑیں گے تاکہ بی جے پی-آر ایس ایس کا صفایا ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پارٹی نہیں ہے، یہ آر ایس ایس کا مکھوٹا ہے۔ دونوں ریزرویشن مخالف ہیں۔ ملک میں نریندر مودی کی آمرانہ حکومت ہے۔ ایسے میں ہم سب ملک، جمہوریت اور آئین بچانے کے لیے متحد رہیں گے۔ لالو نے کہا کہ بہار بدلتا ہے تو ملک متاثر ہوتا ہے۔ ملک بہار کی پیروی کرتا ہے۔