ریلوے ایگزام کے خلاف مشتعل طلباء کا ایک اور ٹرین پر بھی حملہ
پٹنہ : بہار میں ایک پاسنجر ٹرین کو آگ لگائی گئی اور ایک دیگر پر سنگباری کی گئی جو مشتعل طلبہ کی حرکت ہے۔ ایسے دن جبکہ ملک بھر میں یوم جمہوریہ کی خوشیاں منائی جارہی ہیں، ایک ریلوے جابس ایگزام کے خلاف اسٹوڈنٹس نے تشدد کا راستہ اپنایا۔ حکومت نے امتحان معطل کرتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو احتجاجی طلبہ کی شکایات کی سماعت کریں گے۔ وزیرریلوے اشونی وایشنو نے طلبہ سے قانون شکنی میں ملوث نہ ہونے کی اپیل کی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایتوں کو سنجیدگی سے سنا جائے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ تمام ریلوے رکروٹمنٹ بورڈ چیرمین سے کہا گیا ہیکہ طلبہ کی فکرمندی اور تشویش کو دور کرے۔ اس مقصد کیلئے ایک ای میل اڈریس تشکیل دیا گیا ہے ۔ یہ کمیٹی ملک کے مختلف حصوں کو جاکر شکایات سنے گی۔ ضلع گیا میں آج یہ احتجاج کی تصاویر سے دکھائی دیتا ہیکہ ٹرین شعلہ پوش ہے اور فائرمین اسے بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پولیس کی بھاری جمعیت اس موقع پر احتجاجیوں پر کنٹرول کرنے سے قاصر نظر آئی۔