سمستی پور، 26 اگست (یواین آئی) بہارمیں حقوق اطفال کے تحفظ سے متعلق کمیشن کے رکن ڈاکٹر سوگریو داس نے منگل کے روز والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو موبائل کے مضر اثرات سے بچائیں۔ ڈاکٹر داس نے سمستی پور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں بچوں کو موبائل کے بد ترین اثرات کا سامنا ہے جو کہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق اطفال کے تحفظ سے متعلق قومی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں 40 فیصد سے زائد بچے موبائل کے استعمال کی وجہ سے ذہنی مریض بن رہے ہیں۔ ڈاکٹر داس نے کہا کہ والدین کو اس بات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ بچے موبائل کس کام کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر داس نے سمستی پور ضلع کے مختلف کوچنگ انسٹی ٹیوٹ ، ہاسٹلز اور دیگر مقامات کا بھی معائنہ کیا اور وہاں کے منتظمین کو ضروری ہدایات دیں۔