بہار: چراغ پاسوان اور نتیش کے تعلقات میں تلخی

   

پٹنہ: بہار میں لوک جن شکتی پارٹی کے قومی صدر چراغ پاسوان ا وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی سربراہ نتیش کمار پر بری طرح برہم ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ چراغ پاسوان اس بات پر دلبرداشتہ ہیں کہ نتیش انہیں ترجیح نہیں دیتے اور میڈیا رپورٹ کے مطابق چراغ پاسوان اب نتیش کمار کے ساتھ آر پار کے موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ایل جے پی صدر چراغ پاسوان کے نزدیکی افراد کے مطابق نتیش فون کرنے پر نہ کبھی پلٹ کر بات کرتے ہیں اور نہ ہی ان کی تجاویزپر کوئی عمل کرتے ہیں، ظاہر ہے کہ دونون کے بیچ تعلقات ٹھیک نہیں چل رہے ہیں۔ دونوں کے تعلقات میں تلخی کی بات کورونا بحران کے درمیان واضح طور پر منظر عام پر آ گئی کیونکہ چراغ نے کئی معاملات میں نتیش کمار پر نشانہ لگانے میں پرہیز نہیں کیا، خواہ وہ کوٹہ کے طلباء کا معاملہ ہو یا پر مہاجر مزدوروں کا۔اب تصور کیا جا رہا ہے کہ قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کی 12 سیٹوں کے لئے گورنر نامزدگیاں کرنے والے ہیں اور اس کے بعد فیصلہ ہو جائے گا کہ بہار میں نتیش جو چاہیں گے وہی ہوتا رہے گا یا پھر چراغ پاسوان کو بھی ساتھ رکھنے کی کوشش کرنے والے بی جے پی رہنما ان کے مطالبات کے مطابق لوک جن شکتی کو دو سیٹیں فراہم کریں گے۔