بہار :گنگا ندی پر چھ راہداری والا پُل تعمیر ہوگا

   

نئی دہلی: حکومت نے بدھ کو بہار کے دیگھا اور سون پور کو جوڑنے کے لیے دریائے گنگا پر چھ لین والے پل کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے ، جس سے شمال اور جنوب کے درمیان ٹریفک کی سہولیات میں بہتری آئے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس پل پر 3065 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور پل کی تعمیر 42 ماہ میں مکمل ہو سکے گی۔ پل کو اضافی کیبلز کے ساتھ اس طرح تیار کیا جائے گا کہ اس کے نیچے دریائے گنگا پر بڑے جہازوں کی آمد و رفت ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اس پل کی لمبائی 4.5 کلو میٹر ہوگی اور یہ چھ لین کا ہوگا۔ اس کی تعمیر سے چھپرا، موتیہاری اور بیتیا سمیت کئی اضلاع میں آمدورفت آسان ہو جائے گی۔ پل کی تعمیر ساڑھے تین سال میں مکمل ہو سکتی ہے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ان کی حکومت قومی شاہراہوں کی تعمیر میں تیزی لا رہی ہے اور اس کے لیے بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013-14 میں قومی شاہراہوں کا بجٹ 31 ہزار 130 کروڑ روپے تھا جسے اب کئی گنا بڑھا کر 2 لاکھ 30 ہزار کروڑ روپے کر دیا گیا ہے ۔