بہتر عوامی خدمات اور جرائم پر قابو پانے میں تلنگانہ پولیس سرِفہرست

   

اوپل ٹریفک پولیس اسٹیشن کا افتتاح، وزیر داخلہ محمود علی اور ڈائرکٹرجنرل پولیس انجنی کمار کی شرکت
حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ٹریفک پولیس موسم کی پرواہ کئے بغیر اپنی خدمات جاری رکھتے ہوئے عوام کو سہولت فراہم کرتی ہے۔ ٹریفک پولیس کی موثر کارکردگی کے نتیجہ میں لوگ صحیح سلامت اپنے مکانات واپس ہوتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے آج راچہ کنڈہ کمشنریٹ کے تحت اوپل ٹریفک پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس کی فرض شناسی اور فرینڈلی پولیسنگ کی مثال ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ملے گی۔ قیام تلنگانہ سے عوام کے ساتھ پولیس نے بہتر تعلقات قائم کرتے ہوئے مسائل کے حل میں مدد کی ہے۔ گذشتہ آٹھ برسوں میں حکومت نے پولیس اسٹیشنوں کی نئی عمارتوں کی تعمیر انجام دی ہے اور یہ عمارتیں عصری سہولتوں سے آراستہ ہیں۔ قیام تلنگانہ سے قبل پولیس کے بارے میں عوام میں ڈر و خوف کا ماحول تھا اور اپنے مسائل کیلئے پولیس سے رجوع ہونے میں جھجھک محسوس کرتے تھے۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ پولیس میں اصلاحات پر عمل کیا ہے۔ محکمہ پولیس کو 700 کروڑ مختص کئے جس کے ذریعہ نئی گاڑیاں اور جدید آلات حاصل کئے گئے۔ ٹریفک پولیس کیلئے چیف منسٹر نے 30 فیصد آلودگی الاؤنس جاری کیا۔ تلنگانہ پولیس جدید ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ ملک بھر کے70 فیصد کیمرے صرف تلنگانہ میں موجود ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر سی سی ٹی وی کیمروں کے معاملے میں تلنگانہ کو 16 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ خواتین کے تحفظ اور سلامتی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ شی ٹیم، بھروسہ سنٹر اور ویمن سیفٹی ونگ قائم کیا گیا۔ خواتین کو محکمہ پولیس میں 33 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے۔تلنگانہ میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال قابو میں ہے اور فسادات و نکسلزم سے نجات مل چکی ہے۔اس موقع پر وزیر لیبر ملا ریڈی، رکن اسمبلی سبھاش ریڈی، رکن کونسل وانی دیوی، ڈی جی پی انجنی کمار، تلنگانہ اسٹیٹ ہاوزنگ کارپوریشن کے سابق صدرنشین کے دامودر گپتا، کمشنر رچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان اور دوسرے موجود تھے۔ر