بہنوں کے قاتل بھائی نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی

,

   

حیدرآباد: چندرائن گٹہ دوہرے قتل کیس کے ملزم احمدبا اسمعیل نے پھانسی لے کر خود کشی کر لی۔ پولیس نے آج اس کی مسخ شدہ نعش کو اس کے مکان سے برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق 30 جون کو ملزم نے اپنی دو بہنوں رضیہ بیگم اور ذاکرہ بیگم کا اس کے مکان واقع صلالہ میں چاقو سے حملہ کر کے قتل کر دیا تھا اور پھر چھوٹی بہن نورا اور اس کے شوہر حسن با عمر پر بھی ان کے مکان نبیل کالونی بالا پور میں قاتلانہ حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا تھا۔اس واردات کے بعد وہ فرار ہو گیا تھا اور اسے گرفتار کر نے کے لئے پولیس کی پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں لیکن اس کا پتہ نہ چل سکا۔ آج شام اس کے مکان سے مسلسل تعفن آنے پر مقامی افراد نے وہاں موجود پولیس عملہ کو آگاہ کیا اور پولیس ٹیم دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو نے پر اس کی نعش کو پھانسی پر لٹکا ہوا پایا۔ پولیس کو شبہ ہے کے ملزم نے قتل کے بعد ہی خود کشی کرلی ہو گی۔ بتایا جا تا ہے کہ اس کے مکان کے پاس پولیس ٹیم موجود ہو نے کے باوجود اس نے دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور خود کشی کر لی۔ اے سی پی فلک نما ایم اے ماجد نے مقام واردات کا معائنہ کیا اور نعش کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا۔