بہیمانہ قتل کی جماعت اسلامی نے کی شدید مذمت

   

نئی دہلی: دہلی میں شردھا والکر کے بہیمانہ قتل کی خبر پڑھ کر دل کو شدید صدمہ پہنچا۔ ہم اس وحشیانہ عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور قاتل کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم مقتولہ کے والد، رشتہ داروں اور خاندان کے افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ یہ بات جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہی۔ پروفیسر سلیم نے کہا کہ مقتولہ کی لاش کو جس گھناؤنے طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا وہ انتہائی وحشیانہ عمل ہے۔ اس بدترین عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو دیکھتے ہوئے معاشرے کو دو مسائل پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلا مسئلہ ہے گھریلو تشدد اور خواتین کے ساتھ جسمانی استحصال میں اضافہ۔ یہ خواتین کے قتل کا محرک بنتا ہے۔ دوسرا مسئلہ ہے بغیر شادی کے ’ لیو اِن ریلیشن شپ ‘ میں رہنا۔ خواتین کے لئے یہ نہ صرف تکلیف دہ اور توہین کا باعث ہے، بلکہ بسا اوقات ان کی حفاظت کے تئیں بھی خطرناک ثابت ہوتا ہے،جیسا کہ شردھا کے معاملے سے ظاہر ہوتا ہے۔