بیرونی ممالک سے بڑے پیمانے پر ویکسین حاصل کرنے کا مطالبہ

   

ایف آر بی ایم کی حد چار فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کرنے پر زور
لاک ڈاؤن سے 4100 کروڑ کی آمدنی متاثر، ہریش راؤ کا دعویٰ

حیدرآباد : ریاستی وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا کرنے کیلئے بیرونی ممالک سے بڑے پیمانے پر ویکسین لگوانے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا شدہ معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے ایف آر بی ایم کی حد کو 4 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کرنے پر زور دیا۔ مرکزی وزیرفینانس نرملاسیتارامن نے دہلی میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ 44 ویں جی ایس ٹی کونسل کا اجلاس طلب کیا جس میں ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ، چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے بی آر کے بھون سے ورچول حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کی شدت اور لاک ڈاؤن جاری ہے جس سے ریاست کی معاشی صورتحال پر گہرا اثر پڑا ہے۔ صرف ماہ مئی میں ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست تلنگانہ 4100 کروڑ روپئے کی آمدنی سے محروم ہوا ہے۔ لہٰذا اس مسئلہ پر مرکزی حکومت سنجیدگی سے غور کریں۔ معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے ایف آر بی ایم کی حد کو 4 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کریں تاکہ ریاست میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ملازمتوں کی فراہمی میں معاون و مددگار ثابت ہوسکے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ملک بھر میں مفت ٹیکہ اندازی مہم جلد از جلد شروع کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں کا تحفظ کرنے کا مشورہ دیا۔ ملک کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی ممالک سے ویکسین منگوانے کے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا کے علاج کیلئے ضرورت کے مطابق آکسیجن، اکسیمٹرس، ہینڈ سینیٹائمرس، وینٹی لیٹرس کے بشمول دوسرے طبی آلہ جات پر ٹیکس عائد کرنے کا جائزہ لینے کیلئے میگھالیہ چیف منسٹر کنراڈ کے سنگما کی قیادت میں گروپ آف منسٹرس کے قیام کی سفارش کی۔ ہریش راؤ نے بھرپور تائید کرتے ہوئے کمیٹی کے ارکان اور عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ طلب کے مطابق ملک میں دیسی ٹیکہ کی پیداوار نہیں ہورہی ہے۔ اس لئے بیرونی ممالک سے ویکسین منگوانے کی حکمت عملی تیار کرنے اور بڑی تیزی سے عوام کو ٹیکہ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور ماہرین طلب کی جانب سے کورونا کی تیسری لہر کی پیش قیاسی کی جارہی ہے۔ لہٰذا ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا کرنے وقت کی اہم ضرورت ہے۔