بینک فراڈ کیس میں مطلوب چنڈوک کو ہندوستان لایا گیا

   

نئی دہلی۔ 24 مئی (یو این آئی) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بینک فراڈ کے معاملات میں طویل عرصے سے مطلوب مفرور ملزم انگد سنگھ چنڈوک کو حوالگی کرکے ہندستان لانے میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سی بی آئی کی ایک ٹیم چنڈوک کو امریکہ سے لیکر ہفتہ کو یہاں پہنچی۔ چنڈوک فی الحال سی بی آئی کی حراست میں ہے اور اب اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ بینک فراڈ اور لوگوں کو دھوکہ دینے کے ملزم چنڈوک نے یہاں سے فرار ہو کر امریکہ میں پناہ لی تھی۔ اطلاعات کے مطابق چنڈوک نے ایک بین الاقوامی آن لائن فراڈ گینگ کے ساتھ مل کر امریکہ میں امریکی شہریوں کو بھی دھوکہ دیا۔ اس پر جعلی کمپنیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر بیرون ملک رقم بھیجنے کا بھی الزام ہے ۔ امریکی تحقیقاتی اداروں نے اس کے خلاف فراڈ کا معاملہ درج کیا تھا اور تحقیقات کے بعد وہاں کی عدالت نے اسے چھ سال قید کی سزا سنائی تھی۔ چنڈوک کو ہندوستان لانے کے لیے سی بی آئی کافی عرصہ سے امریکی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کر رہی تھی۔ آخر کار سی بی آئی کو اس میں کامیابی ملی ہے ۔