گمبھی راؤ پیٹ، سرسلہ ۔ 16ستمبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گمبھی راؤ پیٹ م میں واقع گورنمنٹ ڈگری کالج میں پرنسپل ڈاکٹر وی وجئے لکشمی کی صدارت اور شعبۂ کیمیا کی لکچرار وی وانی کی نگرانی میں بین الاقوامی یومِ تحفظِ اوزون پرت کا انعقاد عمل میں آیا۔اس موقع پر کالج پرنسپل ڈاکٹر وی وجئے لکشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوزون پرت کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اگر اوزون پرت نہ ہوتی تو زمین پر زندگی کا وجود ممکن نہ ہوتا۔ جانداروں کی بقا میں اوزون پرت کا اہم بالواسطہ کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوزون پرت کے بغیر زمین شدید حرارت کا شکار ہوکر آگ کے گولے میں تبدیل ہوجاتی۔وی وانی نے کہا کہ اس سال کے پروگرام کا موضوع ’’گلوبل ایکشن فار اے کول پلانیٹ‘‘ ہے۔ انہوں نے اوزون پرت میں کمی کی وجوہات اور اس کے تحفظ کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات کی سائنسی تفصیلات سے واقف کروایا۔ اس موقع پر کالج کے طلبہ و طالبات نے اوزون پرت کے متاثر ہونے کی وجوہات، اس کے تحفظ کے طریقوں اور ماحول دوست طرزِ زندگی سے متعلق پوسٹرس اور ماڈلس پیش کرتے ہوئے سب کو متاثر کیا۔انہوں نے اوزون پرت کی اہمیت، اس کے تحفظ، انسانی طرزِ زندگی میں تبدیلی، حکومتی پالیسیوں میں جدت اور سائنسی تحقیق کے میدان میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔اس پروگرام میں آئی کیو اے سی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وائی آنجنیلو، این ایس ایس پروگرام آفیسر پی دھرم پوری، ڈاکٹر آدی وشنو، ڈاکٹر کے وی بھکشمیّا، شری نواس منوہر، سوچرن، کرشنا پرساد، مہیش، دیپیکا، بھارگوی، شنکر، اکھیلیا کے علاوہ دیگر تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنایا۔