چار افراد گرفتار ، گانجہ ضبط ، آدی بٹلہ پولیس کی کارروائی
شمس آباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کمشنرس ٹاسک فورس شمس آباد زون اور آدی بٹلہ پولیس نے بین ریاستی گانجہ اسمگلنگ کرنے والوں کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ شمس آباد زون ڈی سی پی بی راجیش نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گانجہ اسمگلنگ کرنے والی ایک گینگ جو اڈیشہ سے مہاراشٹرا کو منتقل کی جارہی تھی ۔ کمشنر ٹاسک فورس شمس آباد زون اور آدی بٹلہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چار بین ریاستی گانجہ اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 110 کلو گانجہ ، دوکاریں اور چار سیل فونس ضبط کرلیے ۔ جب کہ دو مرکزی ملزمین مفرور بتائے گئے ۔ شمس آباد ڈی سی پی نے بتایا کہ پرشانت گنیش پسکر 31 سالہ ساکن مہاراشٹرا ، راجیش ہنمنت لوندھے 31 سالہ ساکن مہاراشٹرا ، سری ہری میما 26 سالہ ساکن اڈیشہ اور شاہ جی گورک چھگن 25 سالہ ساکن مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا گیا ۔ جب کہ مرکزی ملزمین پرنوسنگھ ساکن مہاراشٹرا اور پربھیتا پردھان اڈیشہ مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ یہ لوگ گانجہ کو اڈیشہ سے کم قیمت پر خرید کر مہاراشٹرا میں بھاری قیمت پر فروخت کررہے تھے ۔ ایک اطلاع ملنے پر شمس آباد زون ٹاسک فورس اور آدی بٹلہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آدی بٹلہ کے علاقہ بونلگور او آر آر گیٹ جنکشن کے قریب گاڑیوں کی تلاشی لینے پر گانجہ کے پیاکٹس برآمد ہوئے جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ شمس آباد زون ٹاسک فورس اور آدی بٹلہ پولیس کی کارروائی پر انہیں ایوارڈ دیا گیا ۔ پریس میٹ میں آدی بٹلہ اے سی پی پردیپ کمار ریڈی ، ٹاسک فورس انسپکٹر وینکٹ ریڈی ، آدی بٹلہ انسپکٹر روی کمار ، ٹاسک فورس سب انسپکٹر منصور علی اور اسٹاف موجود تھا ۔۔