جموں : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق رکن قانون ساز دویندر رانا نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو ایک قابل سیاسی لیڈر اور تجربہ کار منتظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی کسی بھی صورت میں عوامی سرکار کی متبادل نہیں ہو سکتی ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی بیوروکریسی میں قابل لوگ ہیں لیکن لوگوں کے مسائل کو ان کے چنے ہوئے نمائندے ہی حل کرسکتے ہیں۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صاحب ایک قابل سیاسی لیڈر ہیں اور ایک تجربہ کار منتظم بھی ہیں وہ یہاں کی انتظامیہ کو بہترین انداز میں چلا رہے ہیں لیکن پھر بھی بیوروکریسی عوامی سرکار کی متبادل نہیں ہے ’۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر کی بیوروکریسی میں محنتی لوگ ہیں جنہوں یہاں مشکل حالات میں کام کیا لیکن لوگوں کے مسائل کو ان کے منتخبہ نمائندے ہی حل کر سکتے ہیں‘ ۔مسٹر رانا نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سب سے بڑا مسئلہ بے روز گاری کا ہے جس پر حکومت کام کر رہی ہے ۔