بیکریوں کو مہلت دینے سے بامبے ہائی کورٹ کا انکار

   

ممبئی، 22 اگست (یو این آئی) بامبے ہائی کورٹ نے شہر کی بیکریوں کو لکڑی سے چلنے والے روایتی تندوروں سے پائپڈ نیچرل گیس پر منتقل ہونے کے لیے مزید ایک سال کی مہلت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے واضح کیا کہ انفرادی مشکلات کو بنیاد بنا کر عوامی مفاد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت عالیہ کی ڈویژن بنچ جسٹس شری چندر شیکھر اور جسٹس آرتی ساٹھے نے 12 بیکری مالکان کی جانب سے دائر اس عبوری عرضداشت کو خارج کر دیا جس میں 19 جنوری کو جاری نوٹس کو چیلنج کیا گیا تھا۔ ان نوٹسوں میں متعلقہ بیکریوں کو 8 جولائی تک صاف ایندھن پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ یہ ہدایات اس وقت سامنے آئی تھیں جب 9 جنوری کو عدالت نے شہر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر ازخود نوٹس لیا تھا۔ ایڈوکیٹ ڈیریس کھمباٹا، جو اس مقدمے میں عدالت کے معاون کے طور پر مقرر کیے گئے تھے ، نے بیکریوں کے مطالبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت صاف ستھرے ماحول کا حق ذاتی مشکلات پر غالب رہتا ہے ۔