بیگوسرائے میںکاراورٹرک کی ٹکر میں 4 افراد ہلاک

   

بیگوسرائے : بہار میں ضلع بیگوسرائے کے لاکھو پولیس آؤٹ پوسٹ کے علاقے میں ایک اسکارپیو اور ٹرک کے درمیان ہونے والی شدید ٹکر میں چار افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع نے اتوار کے روز یہاں بتایا کہ ہفتہ کی شب قاسم پور گاؤں کے آزاد نگر ٹولہ میں ایک شرادھ کا پروگرام منعقد کیا گیاتھا۔ اسی دوران دہی ختم ہوگیا۔ کچھ لوگ اسکارپیو سے دہی لیکر واپس آرہے تھے جب لاکھو پٹرول پمپ کے قریب ان کی گاڑی بے قابو ہوگئی اور سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں اسکارپیو میں سوار چار افرادکی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت قاسم پور گاؤں کے آزاد نگر کے رہنے والے چیکو کمار ، نرنجن رائے ولد پنکج کمار، بھگوان پور گاؤں کے رہائشی بمبم مہتو ولد راجکمار مہتو کے طور پر کی گئی ہے ۔ ہلاک ہونے والے ایک اور شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو بیگوسرائے صدر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔