بی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل: ہریش راؤ

   

میدک ۔ 9 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے پارلیمانی انتخابات میں بی آر ایس کے امیدواروں کومنتخب کرنا ضروری ہے۔ کانگریس کی ریونت سرکار کے پورے 4 ماہ میں کہیں بھی کوئی ترقی نظر نہیں آرہی ہے۔ سابق ریاستی وزیر رکن اسمبلی سدی پیٹ ٹی ہریش راؤ حلقہ اسمبلی نرساپور بی آر ایس کے زیر اہتمام نرساپور ٹاؤن کے ایک فنکشن ہال میں حلقہ لوک سبھا میدک کے پارٹی امیدوار پی وینکٹ رام ریڈی کی انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ رکن اسمبلی نرساپور وی سنیتا لکشما ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں ہریش راؤ نے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں عوام سے بلند بانگ دعوے و تیقنات کرتے ہوئے ریونت ریڈی کرسی سے چمٹ تو گئے ہیں لیکن ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں یکسر ناکام ہوچکے ہیں۔ اس میٹنگ کو سنیتا لکشما ریڈی، وینکٹ رام ریڈی، چندرا گوڑ، نرساپور بلدیہ کے صدر نشین اشوک گوڑ نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر نائب صدر نشین بلدیہ نرساپور محمد نعیم الدین گیانیشور، سریندر ریڈی، ناگیش گوڑ، این رویندر، سریکانت، رامچندر ریڈی کے علاوہ پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔