پارٹی کے چند قائدین پرانہیں شکست دینے میں اہم رول ادا کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس سے مستعفی ہونے والے سابق رکن اسمبلی جی بال راج نے بی آر ایس پارٹی قیادت کے خلاف سنسنی ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور پارٹی میں حقیقی قائدین کی کوئی اہمیت نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ بی آر ایس سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت پارٹی کے چند قائدین نے انہیں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دوچار کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں کے نازک موقع پر پارٹی قیادت کو ساتھ کھڑے ہونا چاہئے لیکن بی آر ایس قیادت اہم موقع پر پارٹی قائدین کا ساتھ چھوڑ دیتی ہے ۔ بالراج نے کہا کہ معین آباد فارم ہاؤز کے واقعہ نے 100 کروڑ روپئے کا آفر ملنے کے باوجود بھی انہوں نے پارٹی سے کوئی بے وفائی نہیں کی بلکہ پارٹی صدر اور اس وقت کے چیف منسٹر کے سی آر نے جو بھی حکم دیا تھا، وہ اس کی تعمیل کر رہے تھے۔ ریاست میں عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں۔ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس سے مستعفی ہوجانے کے بعد کانگریس اور بی جے پی سے انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت موصول ہوئی ہے لیکن وہ وہی پارٹی میں شامل ہوں گے جہاں پر آزادی ہوگی۔ وہ ایک دو دن میں اپنے حامیوں اور کارکنوں کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد اپنے مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔2