حیدرآباد۔25۔اکٹوبر(سیاست نیوز ) بھارت راشٹرسمیتی بالواسطہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی مدد کر رہی ہے اور حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور ان کے وزراء کو ریاست کے عوام سے فلاحی اسکیمات پر عدم عمل آوری کے لئے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا قائد کے نارائنا نے ذرائع کے ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کے عوام تک فلاح و بہبود کی اسکیمات پہنچانے میں ناکام ہوچکی ہے اور اب بالواسطہ طور پر بی جے پی کی مدد کر رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ سی پی آئی ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو ناکام بنانے کیلئے کام کرے گی اور بی جے پی کی مدد کرنے والوں کو بھی ناکام بنایا جائے گا۔ کے نارائنہ نے کہا کہ ریاست میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیاگیا اور نہ ہی جن فلاحی و بہبودی اسکیمات کا اعلان کیا گیا تھا ان پر عمل آوری نہیں کی گئی اور گذشتہ 9 برسوں کے دورا ن بی آر ایس کے ریکارڈ کا مشاہدہ کیا جائے تو بی آر ایس نے بی جے پی کی مدد کی ہے جس کے نتیجہ میں اب بی جے پی ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی مدد کررہی ہے۔
انہو ںنے بتایا کہ ان کی پارٹی اپنے سیکولر نظریات پر کوئی مفاہمت نہیں کرے گی اور تلنگانہ میں کسی بھی طرح سے بی جے پی اور بی آر ایس کو ناکام بنانے کے لئے کام کرے گی۔