بی آر ایس طلبہ تنظیم کے خلاف عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن میں شکایت

   

چیف منسٹر کے خلاف ریمارکس پر سخت کارروائی کرنے کی اپیل
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس اور این ایس یو آئی کے قائدین نے عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن میں بی آر ایس کی طلبہ تنظیم بی آر ایس وی قائدین کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں کل بی آر ایس وی قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرتے ہوئے بیان دیا تھا۔ اسمبلی میں بی آر ایس رکن جگدیش ریڈی کی معطلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بی آر ایس وی قائدین نے چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ یونیورسٹی میں کل 2 متوازی احتجاج منظم کئے گئے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے دلت اسپیکر کی توہین کے خلاف احتجاج منظم کیا اور جگدیش ریڈی کی معطلی کی تائید کی تھی۔ سینئر کانگریس لیڈر مانوتا رائے اور این ایس یو آئی کے ریاستی صدر وینکٹ سوامی نے انسپکٹر پولیس عثمانیہ یونیورسٹی کو تحریری شکایت حوالہ کرتے ہوئے بی آر ایس وی قائدین کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔ چیف منسٹر کے خلاف ریمارکس کے سلسلہ میں ایف آئی آر درج کرنے کی اپیل کی گئی۔ شکایت کرنے والوں میں بی ومشی ریڈی، وینکٹ مدیراج اور دیگر قائدین شامل تھے۔ اُنھوں نے پولیس سے اپیل کی کہ فوری ایف آئی آر درج کرتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ واضح رہے کہ عثمانیہ یونیورسٹی میں این ایس یو آئی اور بی آر ایس وی کی سرگرمیوں کے نتیجہ میں وقتاً فوقتاً ماحول کشیدہ ہوجاتا ہے۔ 1