ایراویلی کے فارم ہاوز میں ارکان اسمبلی و ارکان کونسل کو شرکت کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں 7 ستمبر سے شروع ہونے والے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے گرما گرم اجلاسوں کے پیش نظر اصل اپوزیشن پارٹی بی آر ایس نے اپنی سیاسی اور ایوان کی حکمت عملی کو تیز کردیا ہے ۔ بی آر ایس کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی سیشن میں عوامی مسائل کو موضوع بحث بنانے اور ایوان کے اندر موثر کارروائی کا طریقہ کار طئے کرنے کے لیے بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے ۔ یہ اجلاس 6 ستمبر کو دوپہر 2 بجے کے سی آر کے ایراولی میں واقع فارم ہاوز پر منعقد ہوگا ۔ جس میں بی آر ایس کے تمام ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل کی شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ اس اجلاس میں کے سی آر ریاست کے تازہ سیاسی حالات اور عوامی مسائل ، وعدوں پر عدم عمل آوری ، کسانوں ، طلبہ ، خواتین کے مسائل پر پارٹی کے اراکین کو مفید مشورے دیں گے ۔ بالخصوص ریاست میں ELNINO کا اثر ، خشک سالی ، آبپاشی پراجکٹس بالخصوص کالیشورم پراجکٹ ، پولی ٹکنیک تعلیم اور ریاست میں بگڑتی ہوئی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر حکومت کو ایوانوں میں گھرنے کی رہنمائی کریں گے ۔ کانگریس حکومت کے اقتدار میں 1000 دن مکمل ہونے کے تناظر میں بی آر ایس الیکشن کے دوران کیے گئے تمام 6 ضمانتوں اور منشور کے ادھورے وعدوں کی عدم عمل آوری کے خلاف ایوان کے اندر اور باہر شدید احتجاج درج کرانے کی پالیسی مرتب کی جائے گی ۔۔ 2/m/b