پارٹی کے بی ایل ایز سے تال میل ۔ لاپرواہی اور عملے کی سستی پر نظر
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری خصوصی ووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی (SIR) مہم میں سرگرمی سے حصہ لینے اور فیلڈ لیول پر ہونے والی لاپرواہیوں پر نظر رکھنے کے لئے اصل اپوزیشن بی آر ایس پارٹی نے اہم قدم اُٹھایا ہے۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ریاست بھر میں جاری اس انتخابی عمل پر کڑی نگرانی اور پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹس (BLAs) کو متحرک و منظم کرنے کیلئے ایک خصوصی کوآرڈی نیشن و مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کے ٹی آر نے واضح کیاکہ اس نو تشکیل شدہ کمیٹی کی اہم ذمہ داری یہ ہوگی کہ وہ فیلڈ پر موجود بی آر ایس کے بوتھ لیول ایجنٹس کو سرگرم رکھیں اور ان کے شکوک و شبہات اور زمینی مسائل کو حل کرنے کے لئے پارٹی کے ہیڈ آفس تلنگانہ بھون کے ساتھ تال میل قائم کریں۔ اس کے علاوہ ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اندراج یا حذف کرنے میں ہونے والی کسی بھی قسم کی انتظامی لاپرواہی یا گڑبڑی سے مقامی انچارجس اور منڈل سطح پر قائدین کو فوری طور پر باخبر کرے گی۔ کے ٹی آر نے اُمید ظاہر کی ہے کہ پارٹی قائدین کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے پارٹی کے پروگرامس کو کامیابی کے ساتھ منظم کرنے میں کلیدی اور اہم رول ادا کرے گی۔ کے ٹی آر کی جانب سے تشکیل دی گئی اس نئی کمیٹی میں پارٹی کے سینئر و تجربہ کار 9 قائدین کو شامل کیا گیا ہے جس میں ارکان قانون ساز کونسل ایل رمنا، داسو شراون، سابق ایم ایل سی کرنا پربھاکر، پارٹی کے جنرل سکریٹری بھرت کمار سوما، سابق صدرنشین مانے گرشنک، وائی ستیش ریڈی، مجیب الدین، سمترا آنند، آر ابھیلاش راؤ موجود ہے۔ یہ کمیٹی فوری اثر کے ساتھ ریاست کے تمام اضلاع بالخصوص حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل میں ووٹر لسٹ مہم کی سست روی اور بی ایل اوز کی من مانی کا سخت نوٹ لے گی اور ووٹرس کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔V/2/m/b