بی آر ایس نے یکم مارچ کو ’ چلو میڈی گڈہ ‘ پروگرام کا اعلان کیا

   

150 اہم قائدین تلنگانہ بھون سے بسوں میںروانہ ہوں گے : کے ٹی آر
حیدرآباد 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے کالیشورم پراجکٹ کے حقائق سے ریاست کے عوام کو واقف کرانے یکم مارچ سے ’ چلو میڈی گڈہ ‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ انمول پراجکٹ ہے جس سے ریاست کے عوام کو جہاں پینے کا پانی مل رہا ہے وہیں فصلوں کو بھی سیراب کیا جا رہا ہے ۔ تاہم اس پراجکٹ کے تعلق سے کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے گمراہ کن مہم چلاکر عوام میں سابقہ بی آر ایس حکومت کو بدنام کرنے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کوشش کی جارہی ہے ۔ جھوٹی تشہیر کا منھ توڑ جواب دینے اور پراجکٹ کے فائدوں سے عوام کو واقف کرانے بی آر ایس نے خصوصی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کانگریس کی جانب سے ماضی میں شروع کردہ جلایگنم دھنایگنم میں تبدیل ہوگیا تھا ۔ مرکز کے ساتھ آندھرا پردیش اور مہاراشٹرا میں کانگریس حکومتیں ہونے کے باوجدو پراجکٹس کی تعمیرات کیلئے منظوریاں حاصل نہیں کی ۔ تمڈی ہٹی کے پاس پانی نہ ہونے کا واٹر کمیشن نے دعویٰ کیا تھا ۔ وہاں سے زیادہ میڈی گڈہ کے پاس پانی ہونے کی وجہ سے کالیشورم پراجکٹ کا آغاز کیا گیا ۔ اس پراجکٹ کیلئے مہاراشٹرا کے تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ صرف میڈی گڈہ تک محدود نہیں ہے ۔ جس میں 15 ذخائر آب ، 21 پمپ ہاوزس ، 201 کلومیٹر سرنگ 88 میٹر تا 618 میٹرس تک لفٹس شامل ہیں ۔ بی آر ایس حکومت میں دنیا کا سب سے بڑا لفٹ اریگیشن پراجکٹ تعمیر کیا گیا ۔ میڈی گڈہ کے پاس 84 پلرس ہیں صرف 3 پلرس پانی میں دھنس گئے جس پر حکومت سے سارا بیارج بہہ جانے کی جھوٹی تشہیر کی جارہی ہے ۔ یکم مارچ کو بی آر ایس کے 150 اہم قائدین کالیشورم پراجکٹ کا دورہ کریمگے ۔ تلنگانہ بھون سے بسوں میں کالیشورم پراجکٹ روانہ ہوکر عوام کو حقائق سے واقف کرایا جائے گا ۔۔ 2