شمس آباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : راجندر نگر حلقہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج میٹرو ایکس پریس ٹرین کے کام کا سنگ بنیاد رکھا ۔ راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام سے قبل متحدہ آندھرا پردیش میں برقی اور پانی کی سربراہی کا سنگین مسئلہ تھا جیسے ہی ٹی آر ایس اقتدار پر آئی پانی اور برقی کے مسئلہ کو ختم کردیا گیا ۔ کے سی آر کی قیادت میں حکومت نے ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنانے کے تمام اقدامات کئے ۔ مختلف ترقیاتی کام انجام دیتے ہوئے ہر اسمبلی حلقہ کے ساتھ انصاف کیا اور ہر طبقہ کی ترقی کے لیے کام انجام دیا گیا ۔ ہم نے کے ٹی آر سے اپیل کی تھی کہ شمس آباد میونسپل کے لیے رقم منظور کریں ۔ انہوں نے فورا کارروائی کرتے ہوئے میونسپل کے لیے 50 کروڑ روپئے منظور کئے ۔ پرکاش گوڑ نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ وہ شمس آباد منڈل کے مواضعات کوتوال گوڑہ ، بہادر گوڑہ ، پداتیرا اور گھانسی میاں گوڑہ کے کسانوں کے اراضیات کو پٹہ فراہم کریں جس سے ان کے تمام مسائل حل ہوں گے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ میں چیف منسٹر کی حیثیت سے عوام کی خدمت کی اور اب ان کی قیادت ملک کی عوام کو ضرورت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ بہت جلد ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور ملک خوشحال ہوگا اور عوامی مسائل حل ہوں گے ۔۔