بی آر ایس پر گول کرنے چلے تھے وزراء نے خود ہی سیلف گول کرلیا : ہریش راؤ

   

قرض کے اعداد و شمار میںحکومت کا جھوٹ بے نقاب ، چیف منسٹر اور وزراء کے بیانات میں بڑا تضاد
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ٹی ہریش راؤ نے کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزراء چلے تھے بی آر ایس پر گول کرنے لیکن خود ہی سیلف گول کرتے ہوئے آوٹ ہوگئے ۔ آج سنگاریڈی میں بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ انہیں ریاستی قرضوں کے تعلق سے وزیر جے کرشنا راؤ کی جانب سے واٹس ایپ پر بھیجی گئی تفصیلات موصول ہوئی ۔ لیکن ان کے واٹس ایپ میسیج اور حکومت کے اپنے اعداد و شمار نے ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا ہے ۔ بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر نے واضح کیا کہ انہوں نے خود اسمبلی میں قرضوں پر کی گئی چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تقریر کی ویڈیو اور دیگر دستاویزی ثبوت جوپلی کرشنا راؤ کو جوابی واٹس ایپ پر روانہ کردیا ہے تاکہ ان کی یادداشت تازہ ہوسکے ۔ ہریش راؤ نے قرضوں کے اعداد و شمار میں موجود تضاد کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کا اپنا کوئی اسٹانڈ ہی نہیں ہے ۔ جوپلی کرشنا راؤ کے حساب کے مطابق کانگریس حکومت کا قرض 1.77 لاکھ کروڑ روپئے ہے جب کہ ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) کے ریکارڈس کے مطابق 1.86 لاکھ کروڑ روپئے ہے ۔ ان سب سے الگ خود چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر بیان دیا تھا کہ 3.47 لاکھ کروڑ روپئے کے قرضے ہیں ۔ ہریش راؤ نے سوال کیا کہ جب ایک ہی حکومت کے چیف منسٹر اور ان کے وزراء کے الفاظ اور اعداد و شمار میں اتنا بڑا تضاد ہو تو عوام کس پر بھروسہ کریں ؟ یہ تضاد ثابت کرتا ہے کہ کانگریس صرف سیاسی فائدے کے لیے جھوٹے پروپگنڈے کا سہارا لے رہی ہے ۔ ہریش راؤ نے ریاستی وزیر کے بدلتے ہوئے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اب یہ حال ہوگیا ہے کہ ہر روز ایک نیا چیلنج پیش کردیتے ہیں ۔ کل تک وہ تلنگانہ بھون آنے کا اعلان کیا تھا ۔ دوسرے دن ارادہ بدل دیا اور گن پارک چلے گئے ۔ وہ گن پارک بھی جانے کے لیے تیار تھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا ۔ اب وہ دوبارہ پریس کلب آنے کی دعوت دے رہے ہیں ۔۔ 2/m/b