مودی نے ممتا بنرجی کی توہین کی ، بنڈی سنجے میری توہین کررہے ہیں ، عوام ہی سبق سکھائیں گے
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کہا کہ بی آر ایس کی تشکیل کے بعد بی جے پی کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے ۔ مودی نے ممتا بنرجی کی اور بنڈی سنجے نے میری ( کویتا کی ) توہین کی ہے ۔ بنگال کے عوام نے بی جے پی کو سبق سکھایا اور تلنگانہ کے عوام بھی بی جے پی کو سبق سکھائیں گے ۔ کویتا نے آج میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ یگنہ اور پوجا کرنا چیف منسٹر کے سی آر کیلئے نئی بات نہیں ہے ۔ بھارت راشٹرا سمیتی کی سارے ملک کو ضرورت ہے ۔ اس لیے خصوصی پوجا کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ مستقبل میں ملک کی مختلف ریاستوں سے بی آر ایس میں قائدین بڑے پیمانے پر شامل ہوں گے ۔ انہوں نے ان سے حالیہ سی بی آئی کی پوچھ تاچھ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی والے آتے جاتے رہیں گے اور وہ مکمل تعاون بھی کریں گی ۔ لیکن بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے انہیں غیر پارلیمانی الفاظ کا شکار بناکر اپنے عہدے کی توہین کی ہے ۔ ایک خاتون کا پاس و لحاظ کیے بغیر تنقیدیں کی جارہی ہیں ۔ یہاں تک کہ بنڈی سنجے نے بتکماں کی بھی توہین کی ہے ۔ کویتا نے کل پارلیمنٹ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کے درمیان روپئے کی گھٹتی قدر پر نوک جھوک کا حوالہ دیا اور کہا کہ نرملا سیتارامن کمزور ہندی پر توجہ دینے کی بجائے کمزور روپیہ کی قدر پر توجہ دیتیں تو بہتر ہوتا ۔ مرکز سے تلنگانہ کو جو فنڈز وصول طلب ہیں اس میں نرملا سیتارامن بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہیں ۔ کویتا نے کہا کہ بھارت جاگرتی کی جانب سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر پروگرامس کئے جائیں گے ۔ ریاست میں تلنگانہ جاگرتی پروگرامس جاری رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بی آر ایس سارے ملک میں بی جے پی کی متبادل بنے گی ۔ بی جے پی کے مخالف تمام محاذوں کو متحد کیا جائے گا ہر ریاست کیلئے علحدہ حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ن