بی آر ایس کی سرگرمیوں سے کے ٹی آر کی دوریاں

   

دہلی میں دفتر کے افتتاح کے بعد اب کھمم کے جلسہ میں بھی شرکت نہیں کریں گے
حیدرآباد۔13جنوری(سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راماراؤ بھارت راشٹرسمیتی کے پروگرامس سے خود کو دور رکھنے لگے ہیں یا حالات ایسے ہورہے ہیں کہ وہ بی آر ایس کے پروگرامس کا حصہ نہیں بن پا رہے ہیں! دہلی میں بی آر ایس کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے مسٹر کے ٹی راما راؤ نے خود کو دور رکھا اور اب جبکہ بھارت راشٹرا سمیتی کا پہلا جلسہ عام ضلع کھمم میں منعقد ہونے جا رہاہے اس میں بھی وہ موجود نہیں رہیں گے۔چیف منسٹر کے فرزند مسٹر کے ٹی راما راؤ کو مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھارت راشٹر سمیتی کے قیام سے قبل تلنگانہ راشٹر سمیتی کا کارگذار صدر بناتے ہوئے انہیں ریاستی سیاست کے نگران اور اپنے جانشین کے طور پر پیش کیا تھا تاکہ اگر وہ قومی سیاست میں سرگرم ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں تلنگانہ کے امور کی نگرانی مسٹر کے ٹی راما راؤ کریں اور جب مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دہلی میں بھارت راشٹر سمیتی کے دفتر کا افتتاح کیا تو اس وقت کے ٹی راما راؤ کے تلنگانہ میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کے لئے شہر حیدرآباد میں ہی رہنے کو بھی اسی نظریہ سے دیکھا جا رہا تھا کہ کے ٹی راماراؤ ریاستی امور کے نگران ہیں اور وہ سیاسی سرگرمیوں سے زیادہ اپنی ریاست کی ترقی کے امور میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن اب بھارت راشٹرسمیتی کا پہلا جلسۂ عام ریاست تلنگانہ کے سرحدی ضلع کھمم میں منعقد کیا جا رہاہے ایسے میں کے ٹی راما راؤ ملک میں نہیں ہیں اور وہ سرمایہ کاروں کے اجلاس کے لئے ڈاؤس روانہ ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں قائم کی گئی بھارت راشٹرسمیتی کی اہم سرگرمیوں سے کے ٹی راما راؤ کی دوری اور ان پروگرامس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو اہمیت دیئے جانے پربی آر ایس کے گوشوں میں مختلف چہ میگوئیاں کی جانے لگی اور کہا جارہا ہے کہ کے ٹی راما راؤ بی آر ایس کے ان سرکردہ پروگرامس سے خود کو دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں جن پروگرامس میں ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں کے قائدین شرکت کرنے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں بی آر ایس کے اس پہلے جلسہ عام میں دیگر سیاسی جماعتو ںکے قائدین بھی شرکت کر رہے ہیں اور آئندہ جو جلسہ عام منعقد ہوگا وہ خالص تلنگانہ قائدین کا جلسہ عام ہوگا جس میں ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کی شرکت یقینی ہوگی اور اس جلسہ عام کو خالص بی آر ایس کے قائدین کے جلسہ کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔م