بی آر ایس کے منحرف 10 ارکان اسمبلی کی عنقریب گھر واپسی

   

بی جے پی رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ کا دعویٰ، عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے مرکز پر تنقید
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ نے کہاکہ بی آر ایس کے منحرف 10 ارکان اسمبلی دوبارہ گھر واپسی کرلیں گے کیوں کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اُن کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رگھونندن راؤ نے کہاکہ کافی اُمیدوں کے ساتھ بی آر ایس کے 10 ارکان نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن اُنھیں مایوسی ہوئی ہے۔ ایک طرف قانونی جدوجہد تو دوسری طرف کانگریس کے مقامی قائدین اور کارکنوں کی مخالفت سے منحرف ارکان پریشان ہیں۔ رگھونندن راؤ کے مطابق 10 منحرف ارکان جلد ہی گھر واپسی کرتے ہوئے بی آر ایس میں اپنا موقف مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ ریونت ریڈی کا نظم و نسق پر کنٹرول نہیں ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ریونت ریڈی مرکزی حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کی ہدایات پر ریاستی وزراء کے عمل نہ کرنے کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ پسماندہ طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے رکن کونسل تین مار ملنا کو معطل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے رگھونندن راؤ نے کہاکہ پارٹی میں بی سی طبقات کو کوئی اہمیت نہیں ہے۔ 1
ورنگل کے مامنور ایرپورٹ کی منظوری مرکزی حکومت کا کارنامہ ہے لیکن ریونت ریڈی حکومت اسے اپنی نمائندگی سے جوڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ رگھونندن راؤ نے سری سیلم لیفٹ بینک کنال کی سرنگ میں 8 ورکرس کے پھنس جانے کے واقعہ پر چیف منسٹر کی عدم دلچسپی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے کہاکہ واقعہ کے 9 دن بعد چیف منسٹر کا دورہ مضحکہ خیز ہے۔ 1