سابق وزیر جگا ریڈی کا دعویٰ، ریونت ریڈی حکومت کو کوئی بحران نہیں
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کے 20 اور بی جے پی کے 5 ارکان اسمبلی کانگریس سے ربط میں ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں اور ان کی شمولیت سے اسمبلی میں کانگریس ارکان کی تعداد بڑھ کر 90 ہوجائے گی۔ انہوں نے الیکشن کے بعد بی آر ایس کے کانگریس میں انضمام سے متعلق بی جے پی قائد ڈاکٹر لکشمن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ بی جے پی قائد بنیادی معلومات سے محروم ہیں اور انہیں اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو بچانے کی فکر کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اپنی پارٹی کو کانگریس میں ہرگز ضم نہیں کریں گے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر بی آر ایس اور بی جے پی کے بیشتر قائدین کانگریس میں شمولیت کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کے بعد کسانوں کو دو لاکھ روپئے قرض معافی اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر لکشمن کو نتائج کا انتظار کرنا چاہیئے تاکہ سیاسی تبدیلیوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کا پُرامن انعقاد عمل میں آیا اور کانگریس کے حق میں لہر دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے الیکشن کے سلسلہ میں پولیس نظم و نسق کا بیجا استعمال نہیں کیا ہے اور امن و قانون کے نفاذ کیلئے مکمل آزادی دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تشدد کے بغیر انتخابات کا انعقاد کانگریس حکومت کا کارنامہ ہے۔ جگا ریڈی نے بی جے پی پر مذہبی سیاست اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بھگوان کے نام پر بی جے پی ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگسٹ میں کانگریس حکومت کے بحران کا شکار ہونے سے متعلق ڈاکٹر لکشمن کو اپنے دعویٰ کے حق میں ثبوت پیش کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور حکومت کو کوئی خطرہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کے بعد بی جے پی اور بی آر ایس کو اپنی بقاء کیلئے جدوجہد کرنی پڑے گی۔1