بی بی سی کی ڈاکومینٹری کا مشاہدہ نہ کرنے جے این یو طلبہ کو حکام کی وارننگ

   

حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دہلی کے حکام نے طلبہ کو اڈوائزری وارننگ جاری کرتے ہوئے بی بی سی کی جانب سے تیار کردہ ڈاکومینٹری کی نمائش میں حصہ نہ لینے کا مشورہ دیا۔ بی بی سی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر ڈاکومینٹری تیار کی ہے جس کی نمائش کا بائیں بازو کی طلباء تنظیم آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے اہتمام کیا ہے۔ یونیورسٹی کی اڈوائزری وارننگ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکومینٹری کی نمائش کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور یہ غیرقانونی اور غیرضروری ہے۔ یونیورسٹی حکام نے کہا کہ یونیورسٹی کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ طلبہ نے ممنوعہ ڈاکومینٹری کی نمائش کا اہتمام کیا ہے جس کیلئے کوئی اجازت نہیں دی گئی۔ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے نتیجہ میں یونیورسٹی کیمپس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پُرامن ماحول متاثر ہوسکتا ہے۔ یونیورسٹی نے طلبہ کو ڈاکومینٹری کی نمائش اور اس کے مشاہدہ کے سلسلہ میں وارننگ دی ہے۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہیں اور اشتعال انگیز پمفلیٹس سے متاثر نہ ہوں۔ واضح رہے کہ آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے پمفلٹ جاری کرتے ہوئے ڈاکومینٹری کی نمائش کی تشہیر کی ہے۔ یہ ڈاکومینٹری 2019 میں دہلی پولیس کی جانب سے جامعہ ملیہ کے طلبہ پر حملہ کے واقعہ کے سلسلہ میں تیار کی گئی ہے۔1