بی جے پی ، عوام کو گمراہ کر کے منوگوڑ میں کامیابی حاصل کرنے کوشاں : نرنجن ریڈی

   

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے بی جے پی کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹی باتوں سے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے منوگوڑ ضمنی چناؤ میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ کل منوگوڑ میں مری گوڑم منڈل کے دیورا بھیمنا پلی میں ضمنی انتخابات کی مہم کے سلسلہ میں نوجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ٹی آر ایس کو تاریخی کامیابی دلانے ووٹ دیتے ہوئے بی جے پی کو ایک سبق سکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اس حلقہ کے عوام کے شعور کا انداز نہیں ہے اور کہا کہ منوگوڑ جدوجہد کی سرزمین ہے اور زعفرانی پارٹی عوام کو فریب نہیں دے سکتی ہے جو اس کے حقیقی چہرے سے بخوبی واقف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس کی مخالف مزدور ، مخالف کسان اور غریب دشمن پالیسیوں کو چھپاتے ہوئے جھوٹی باتوں سے عوام کی تائید حاصل کرنے کی امید کررہی ہے ۔ مرکزی حکومت نے گذشتہ آٹھ سال سے ڈیزل ، پٹرول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے ۔ ضروری اشیاء کی قیمتوں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے ۔ نرنجن ریڈی نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے ۔ لیکن بی جے پی اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے عوام میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔۔