حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : منوگوڑ ضمنی چناؤ سے قبل بی جے پی کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹی ایس پلاننگ بورڈ کے وائس چیرمین بی ونود کمار نے الزام عائد کیا کہ زعفرانی پارٹی ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کو گرانے کی کوشش میں بعض ارکان اسمبلی کو استعفیٰ دینے کی ترغیب دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ ونود کمار نے کل کریم نگر میں ڈسٹرکٹ لائبریری کا دورہ کیا ۔ بعد میں کریم نگر مئیر وائی سنیل راؤ اور ڈسٹرکٹ لائبریری چیرمین پونم انیل گوڑ کے ہمراہ میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ بی جے پی قائدین ریاستی حکومت کو گرانے کی سازش کررہے ہیں لیکن منوگوڑ کے عوام انہیں اس ضمنی چناؤ میں ایک اچھا سبق سکھانے اور ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کے لیے تیار ہیں ‘ ۔ ونود کمار نے کہا کہ ’ ملک کے عوام مرکز کی بی جے پی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی سے بھی مطمئن نہیں ہیں ۔ مرکز کی جانب سے غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لیے بھی گورنرس کا استعمال کیا جارہا ہے ۔۔