بی جے پی اقتدار کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے :گہلوٹ

   

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر پڈوچیری میں کانگریس حکومت کو غیر اخلاقی طور سے گرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے پڈوچیری میں یہ ظاہرکردیا ہے کہ وہ کسی بھی حد تک طاقت کے حصول کے لئے جاسکتی ہے ۔ گہلوٹ نے یہ بات پوڈوچیری میں اعتماد کے ووٹ سے محروم ہونے کے بعد کانگریس کی حکومت گرنے کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے ردعمل میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پڈوچیری میں کانگریس کی حکومت کو غیر اخلاقی انداز میں گرا کر بی جے پی نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ وہ اقتدار کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔ پہلے لیفٹیننٹ گورنر کے توسط سے انتظامیہ چلانے میں دشواری پیدا کی اور اب حکومت کو پیسہ کی طاقت سے گرا دیا۔ انہوں نے الزام لگایاکہ کرناٹک پھر مدھیہ پردیش اور اب پڈوچیری میں پہلے ایم ایل اے کو لالچ دے کر استعفیٰ دلوانا بی جے پی کا غلط طریقے سے اقتدار پر قبضہ کرنے کا ایک نیا طریقہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں بھی بی جے پی نے غیر اخلاقی طریقوں سے اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس کا یہاں کی عوام نے انہیں مناسب جواب دیا۔