بی جے پی بدعنوانیوں کی واشنگ مشین میں تبدیل ۔ سید عظمت اللہ حسینی

   

کانگریس حکومت کی شاندار کارکردگی اور مقبولیت سے نتن نبین بوکھلاہٹ کا شکار
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے نوجوان قائد اور صدر نشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے بی جے پی کے قومی صدر نیتن نبین کے حالیہ دورے تلنگانہ کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کانگریس حکومت پر کی گئی تنقیدوں کو مسترد کردیا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت تلنگانہ میں کانگریس کی عوامی ، سیکولر اور فلاحی حکومت کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسی مایوسی میں کانگریس حکومت کے خلاف بدعنوانی کے من گھڑت الزامات لگا رہی ہے ۔ صدر نشین وقف بورڈ نے بی جے پی کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے تیکھا طنز کیا کہ بی جے پی اب کرپشن کو صاف کرنے والی ایک واشنگ مشین بن چکی ہے ۔ بدعنوانیوں کو فروغ دے رہی ہے اور کرپٹ لوگوں کی پشت پناہی کررہی ہے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ بی جے پی نے مغربی بنگال میں ایک ایسے لیڈر کو آگے بڑھایا جس پر خود بی جے پی کے لوگوں نے پہلے کرپشن کے سنگین الزامات لگائے تھے اور جنہیں ای ڈی کی نوٹس بھی جاری ہوئی تھی ۔ انہوں نے بہار اور آسام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو قائدین پہلے اپوزیشن جماعتوں میں تھے تب بی جے پی نے انہیں مختلف الزامات لگاتے ہوئے نشانہ بنایا تھا ۔ لیکن جیسے ہی وہ بی جے پی کے جھنڈے تلے آگئے ان کے سارے گناہ معاف کردئیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی قائد اپوزیشن میں رہتا ہے وہ بدعنوان کہلاتا ہے لیکن جیسے ہی وہ بی جے پی میں شامل ہوتا ہے تو بی جے پی کی واشنگ مشین میں دھل کر راتوں رات بالکل صاف شبیہہ والا لیڈر بن جاتا ہے ۔ بی جے پی کا یہ دوہرا کردار اور اصل چہرہ اب صرف ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے سامنے آچکا ہے اور گزشتہ 12 برسوں سے عوام ان کے اس پورے طریقہ کار کو اچھی طرح دیکھ رہے ہیں ۔۔ 2/m/b