مرکزی حکومت ‘ بھارت سمٹ کو ناکام بنانے کی سازش کر رہی ہے ۔ مہمانوں کو روکنا تلنگانہ کے وقار پر حملہ ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد، 13 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت اور بی جے پی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والی عالمی بھارت سمٹ کو ناکام بنانے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تنقید کرکے کہا کہ آخری لمحات میں بیرونی مندوبین کے ویزے منسوخ کیے جا رہے ہیں اور انہیں ہندوستان میں قدم رکھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، جس کے باعث دنیا بھر سے آنے والے کئی اہم مندوبین ہوائی اڈے سے ہی واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ہم نے اس عالمی کانفرنس میں بین الاقوامی سطح کے تاجروں، نامور صحافیوں اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی باوقار شخصیات کو مدعو کیا تھا، لیکن بی جے پی کی متعصبانہ سوچ اور آمرانہ رویے کی وجہ سے اس باوقار تقریب میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کے عوام مرکز کی اس منفی سیاست اور حکومت کے رویے کو بخوبی دیکھ رہے ہیں، جبکہ بی جے پی اور بی آر ایس دونوں جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، جو محض سیاسی دشمنی میں ریاست کی ترقی کا گلا گھونٹ رہی ہیں۔ آج ایم سی ایچ آر ڈی کے لودھی پویلین میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائد، سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کے علاوہ دیگر ریاستی وزرائبھی موجود تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیرت اور صدمہ کا اظہار کیا کہ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، بی جے پی تلنگانہ کے صدر رام چندر راؤ اور بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر اس بین الاقوامی سمٹ کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں؟ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بی آر ایس اور بی جے پی دونوں جماعتیں تلنگانہ کے روشن مستقبل اور مفادات کا ذرہ برابر بھی خیال کیے بغیر، محض تعصب کی عینک پہن کر آنکھیں بند کر کے اس عالمی کانفرنس کی مخالفت کر رہی ہیں، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ دونوں جماعتیں ریاست کی ہمہ جہت ترقی کی شدید ترین مخالف ہیں۔ تلنگانہ کی سرزمین پر جو بھی فلاحی یا ترقیاتی پروگرام کیے جاتے ہیںیہ دونوں مفاد پرست جماعتیں فوری ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر اس کی مخالفت شروع کر دیتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ اس سازش سے دستبردار ہو کر بھارت سمٹ جیسی عالمی کانفرنس کی تائید کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی بھارت سمٹ کے آخری دن 14 نومبر کو شرکت کریں گے اور گِگ ورکرس سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی راہول گاندھی سے ڈرتی ہے، اس لیے پارٹی ان کے ہر کام کی مخالفت کر رہی ہے۔ لیکن راہول گاندھی پر بی جے پی کی تنقید سے ان کی قدر میں کسی بھی طرح کی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ راہول گاندھی کو دوبارہ لانچ کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ملک کے لوگ ان کی صلاحیت کو جانتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس جس کی 140 سال کی شاندار تاریخ ہے، اس ملک کی روح کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس لیے اپوزیشن جماعتوں کو بھارت سمٹ پر تنقید سے گریز کرنا چاہئے۔ 2